آزاد ریاست جموں و کشمیراہم ترین خبرپاکستانگلگت بلتستان

عبدالعلیم خان کی استنبول میں سعودی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات، ایم-10 موٹروے میں سرمایہ کاری کی پیشکش

ترکیہ/استنبول (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے استنبول میں جاری او آئی سی کانفرنس کے موقع پر سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس صالح بن ناصر الجاصر سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ، میری ٹائم اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی حکومت کو کراچی پورٹ سے حیدرآباد تک ایم10 موٹروے کی تعمیراور نئے الائنمنٹ منصوبے پر سرمایہ کاری کی باقاعدہ پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹرانسپورٹ کے شعبے کی جدید کاری کے لیے سعودی عرب کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کرنے کا خواہاں ہے۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب گہرے برادرانہ اور مذہبی تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک یکساں مضبوط اقتصادی و تجارتی رجحانات کے حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان زمینی رابطوں اور ٹریڈ کاریڈورز میں اضافہ کر کے خطے کا تجارتی مرکز بننا چاہتا ہے جس کے لیے میری ٹائم کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس صالح بن ناصر الجاصر نے پاکستان کے شعبہ مواصلات میں جدت لانے کے امور میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشنز میں اضافے کا خواہاں ہے اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عہد میں ڈیجیٹلائزیشن اور روڈ سرویلینس سڑکوں کی نگرانی اہم ترین ضروریات ہیں۔اجلاس کے دوران دونوں وزراء صاحبان نے او آئی سی ممالک کے مابین تعاون کے فروغ اور مواصلات کے شعبے میں ہونے والی حالیہ ترقی پر بھی گفتگو کی۔

دریں اثناء وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ‘سیسریک’ کی ڈائریکٹر جنرل اور ترکیہ کی سابق وزیر برائے خاندان و سماجی خدمات، محترمہ زہرہ زمروت سلجوق نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اسلامک بینکنگ کے شعبے میں باہمی اشتراکِ عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مزید برآں، دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ تحقیقی پروگراموں کے آغاز اور خصوصی تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button