اہم ترین خبرگلگت بلتستان

گلگت بلتستان: دوسراایف سی این اے انٹر ڈسٹرکٹ جی بی فٹ بال ٹورنامنٹ 2026 کا شاندار انعقاد

گلگت(پناہ نیوز)پاکستان آرمی کے تعاون سے گلگت بلتستان کی تاریخ میں کھیلوں کے سب سے بڑےمقابلے کی اختتامی تقریب لالک جان سٹیڈیم جوٹیال گلگت میں منعقد ہوئی۔ اس چیمپین شپ میں کھلاڑیوں کی بھرپور صلاحیتوں کو ابھارنے کا موقع ملا اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔چیمپئن شپ کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے شرکت کرنے والی 17 ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا،جبکہ شائقین کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ میچز دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔فائنل میچ ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلہ ثابت ہوا، جس میں ٹیم این ایل آئی نے ٹیم غذر کو 1-0 سے شکست دے کر چیمپئن ٹرافی اپنے نام کر لی۔اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی نگران وزیر اعلی گلگت جسٹس ریٹائرڈ یار محمد اور کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی اور IG پولیس نے جیتنے والی ٹیموں میں 50لاکھ سے زاید انعامات تقسیم کیے؛ جن میں وِننگ ٹیم کو 18 لاکھ روپے، رنر اپ ٹیم کو 12 لاکھ روپے، تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 4 لاکھ روپے، اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 3لاکھ روپے کے انعامات سے نوازا گیا۔شائقین فٹبال نے گلگت بلتستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے پاک فوج اور ایف سی این اے کے کردار کو سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی معاونت سے اس ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوا، جس سے مقامی ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع ملا اور نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق مزید بڑھا۔شرکاء نے گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے مزید مقابلوں کے انعقاد پر زور دیا۔یہ ٹورنامنٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اور اگر ایسے پلیٹ فارمز فراہم کیے جائیں تو مقامی کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں ۔یاد رہے اس ایونٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے لیے رہائش، کھانا، ٹرانسپورٹ، اور ضروری کھیلوں کے کٹس سمیت تمام انتظامات ایف سی این اے کی جانب سے کیے گئے تھے، تاکہ کھلاڑی مکمل سہولیات کے ساتھ ایونٹ میں حصہ لے سکیں اور بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button