اہل سنت پاکستان کا پاک فوج کے آپریشن ’غضبِ للحق‘ کی بھرپور حمایت کا اعلان افغان نمک حرامی کے خلاف آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے بروقت فیصلے لائقِ تحسین ہیں: مرکزی و صوبائی قائدین

اسلام آباد / لاہور / ملتان / فیصل آباد (نمائندہ گان) جماعت اہل سنت پاکستان کے سربراہ علامہ سید مظہر سعید کاظمی، ناظم اعلیٰ علامہ پیر خالد سلطان قادری، چیف آرگنائزر الحاج احسان الحق فریدی، امیر پنجاب پیر سید خلیل الرحمن شاہ بخاری، صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی، صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، صوبائی ناظم اطلاعات صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی، ممبر مجلس عاملہ پروفیسر سلیم اشرف قادری، صوبائی نائب ناظم اعلیٰ علامہ صاحبزادہ قاسم سیالوی، علامہ عبدالغفور جھلن سعیدی، علامہ عبدالرحیم سعیدی اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین نے اپنے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ جماعت اہل سنت اپنی روشن اور دیرینہ روایات کے مطابق پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی دفاع و استحکام کے لیے جاری آپریشن ’غضبِ للحق‘ کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کرتی ہے۔قائدین نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانوں کے ساتھ اسلامی اخوت اور بھائی چارے کا رشتہ نبھایا اور انہیں ہر مشکل گھڑی میں پناہ دی، لیکن انتہائی افسوسناک امر ہے کہ ان نمک حرام افغان شرپسند عناصر نے ہمیشہ پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا اور ہماری سلامتی کو نقصان پہنچایا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں، جب پوری قوم عبادت الٰہی میں مصروف ہے، افغان سر زمین سے پاکستان کی اہم تنصیبات، مساجد اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل اور شدید لمحہ فکریہ ہے۔اسی تناظر میں جماعت کے مرکزی و صوبائی قائدین کی ہدایت پر گزشتہ جمعہ کے تمام بڑے اجتماعات میں پاک فوج کی مضبوطی، کامیابی اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جس میں ہزاروں مقتدیوں نے پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ قائدین نے آرمی چیف کے جرات مندانہ موقف اور دہشت گردوں کے خلاف بروقت سخت کارروائی کے فیصلے کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کی ترجمانی کی ہے۔ علمائے اہل سنت نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پوری قوم دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہے۔ آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ارضِ پاک کو فتنہ و فساد سے محفوظ رکھے اور ہماری افواج کو ہر محاذ پر فتح و نصرت عطا فرمائے۔



