اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیمبر ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

اسلام آباد (پناہ نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے چیمبر ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد کیاجس میں معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ہفتہ کو منعقدہ تقریب سے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ظفر بختاوری، آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور آئی سی سی آئی انٹر فیتھ کمیٹی کے کنوینر اشرف فرزند نے خطاب کیا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔مقررین نے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےآئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو آئین میں درج یکساں حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری بھائی چارے، باہمی احترام اور ہم آہنگی پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اس طرح کے اقدامات کے ذریعے بین المذاہب اتحاد اور قومی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا کہ کرسمس انسانیت کے لیے محبت، ہمدردی، رواداری اور خدمت کا عالمگیر پیغام دیتا ہے۔انہوں نے قوم کی تعمیر میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک کے معاشی استحکام، سماجی امن اور پائیدار ترقی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات میں اتحاد ضروری ہے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں کرسمس جیسی تقریبات پاکستان میں اتحاد اور ہم آہنگی کی حقیقی روح کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مذاہب اور برادریوں کا احترام ایک مضبوط اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی تمام شہریوں کے درمیان امن، جامعیت اور بھائی چارے کو فروغ دینے والے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔پادری بابر وارث نے یسوع مسیح کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں امن، محبت اور انسانیت کی خدمت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔انہوں نے تقریب کے انعقاد اور بین المذاہب افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے آئی سی سی آئی کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی جو کہ شرکاء کے درمیان اتحاد، خوشی اور خیر سگالی کی علامت تھی۔ایگزیکٹیو ممبر آئی سی سی آئی ذوالقرنین عباسی نے کلمات تشکر پیش کیے جبکہ شہباز چوہان نے تقریب کی نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔ تقریب میں آئی سی سی آئی کے ممبران اور مسیحی برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ حاضرین میں نمایاں طور پر نائب صدر عرفان چوہدری راجہ نوید ستی، خالد چوہدری، پادری نوبل جان، نثار مرزا، جمیل کھوکھر، حارث بزمی، رنجیت سنگھ، شیران اسلم، یونس اسلم، مس سمیرا اور دیگر شامل تھے۔



