چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ETI-GB پروگرام کے تحت مکمل ہونے والے 2,516 ایکڑ آبپاشی اور زمینکی آبادکاری کا منصوبہ رام گھاٹ بونجی، استور کا افتتاح کیا

گلگت(پناہ نیوز)معزز چیف سیکرٹری گلگت-بلتستان، ابرار احمد مرزا نے بونجی، استور میں رام گھاٹ آبپاشی اور زمین کی آباد کاری کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ IFAD کی معاونت سے، یہ منصوبہ ETI-GB نے واٹر مینجمنٹ اینڈ ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ اور رام گھاٹ بونجی، استور کی سکیم مینجمنٹ ٹیم کے ساتھ مل کر مکمل کیا ہے۔ یہ منصوبہ علاقائی زرعی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس میں 2,516 ایکڑ (20,128 کنال) بنجر زمین کو سیراب کرنے کا ہدف ہے جو ماضی میں قدرتی آفات سے متاثر ہوئی تھی۔ اس منصوبے کا بنیادی معاشی ڈھانچہ ایک نیا تعمیر شدہ 9.62 کلومیٹر طویل ایریگیشن چینل پر مشتمل ہے، جو خاص طور پر 997 مستفید ہونے والے گھروں کو سال بھر قابل اعتماد اور پائیدار پانی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ مقامی معیشت کو تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم کاوش ہے، فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور عوام کے لیے زراعت کے مواقع کو بڑھا نے کے لئے اس منصوبے میں 149.47 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، منصوبے پر بروقت عملدرآمد کے لئے ایک خاص ٹائم لائن کی پیروی کی گئی۔ میمورنڈم آف ایگریمنٹ( ایم او اے) پر 4اپریل 2023 کو گلگت میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدکی موجودگی میں دستخط کیے گئے تھے ، اور کوہل کی تعمیر 15 مئی 2023 کو شروع ہوئی۔ شفافیت اور جدید حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے، اس منصوبے کو اب GIS میپنگ اور زمین کی ڈیجیٹلائزیشن کی مدد حاصل ہے، جو ETI-GB کی گلگت بلتستان بورڈ آف ریونیو (GBBOR) اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) کے ساتھ مشترکہ کوشش کے ذریعے مقامی فائدہ اٹھانے والے کسانوں میں درست اور شفاف انداز میں زمین کی ترقی و تقسیم ا ، اور لینڈ ریکارڈ کو جدید خطوط پر مرتب کرنا شامل ہے۔ رام گھاٹ بونجی آمد پرمعزز چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور دیگر معزز مہمانوں کا عوامی نمائندوں، مقامی قیادت، ETI-GB کی سینئر انتظامیہ، صوبائی سیکرٹریز، اور ضلع انتظامیہ کے نمائندوں نے پُر تپاک استقبال کیا۔ خادم حسین سلیم، پروگرام کوآرڈینیٹر ETI-GB، نےرام گھاٹ آبپاشی منصوبے کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ اس کے بعد سکیم کی رسمی افتتاحی تقریب کے لیے آبپاشی کے راستے پر پیدل چلنا پڑا۔ شام کو ایک عوامی اجتماع ایک خوبصورت ٹیلے پر منعقد ہوا، جس سے نئی آباد زمین کے بڑے حصے کا واضح منظر نظر آرہا تھا جہاں پروگرام کا با قاعدہ آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد مہمان معززین کو روایتی تحائف پیش کیے گئے۔ نصیر خان، صدر، سکیم مینجمنٹ ٹیم نے دیگر عوامی رہنماؤں کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے رام گھاٹ میں ETI-GB پروگرام کے ذریعے ترقیاتی منصوبہ شروع کیا۔ انہوں نے تمام ترقیاتی شراکت داروں کی بھی تعریف کی جنہوں نے رام گھاٹ کو خطے کے لیے ایک فلیگ شپ پروجیکٹ کے طور پر قائم کرنے میں بھر پورمدد کی۔ خاص طور پر، IFAD نے رام گھاٹ کے مربوط انداز میں زمین کی آبادکاری کے ماڈل کو گلگت بلتستان میں دیگر ETI-GB منصوبوں کے لیے ایک بہترین مثال کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں چیف سیکرٹری گلگت-بلتستان نے ETI-GB کی کوششوں کو سراہا اور زور دیا کہ ڈیجیٹل زمین کے ریکارڈز کا انضمام خطے میں مستقبل کی ترقیاتی سکیموں کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ افتتاحی تقریب میں شریک دیگر معزز مہمانوں میں ولی خان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو؛ سبطین احمد، سیکرٹری، واٹر مینجمنٹ اینڈ ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ؛ محمد اویس عباسی، ڈپٹی کمشنر استور، اور دیگر شامل تھے۔ ان کے ساتھ عوام کی ایک بڑی تعداد ، سکیم مینجمنٹ ٹیم کے ارکان، ETI-GB کے عہدیدار، اور مقامی مستفیدین موجود تھے۔ 2015 میں آغاز کے بعد سے، ETI-GB پروگرام نے اب تک 193 سکیمیں مکمل کی ہیں، جن سے 45,503 گھرانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ اس انفراسٹرکچر میں شامل ہیں: 88 آبپاشی سکیمیں جو 42,299 گھروں کو مدد فراہم کرتی ہیں، 92 فارم ٹو مارکیٹ سڑکیں (FMRs) جن کی کل لمبائی 435 کلومیٹر ہے، 13 پل (7 RCC اور 6 لکڑی کے معلق پل) جن کی مجموعی لمبائی 387 میٹر ہے۔ ای ٹی آئی پروگرام کےکمپونینٹ ون کے لئے ایک بہت بڑاہدف مقرر کیا ہے، جس میں گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں 70,000 ایکڑ نئی زمین آباد کرنا، 700 کلومیٹر فارم ٹو مارکیٹ روڈ تعمیر کرنا، اور 220 میٹر پل تعمیر کرنا شامل ہے۔ یاد رہے اکنامک ٹرانسفارمیشن انیشئٹو حکومت گلگت بلتستان کا ایک عظیم الشان ترقیاتی پروگرام ہے جسے حکومت پاکستان نے اس سال 2029 کے لئے توسیع دی ہے پروگرام کو انٹرنیشل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈیولپمنٹ (ایفاد) اور اطالوی اداہ برائے ترقیاتی تعاون ( اے آئی سی ایس) کا تعاون حاصل ہے۔



