گلگت بلتستان

بلتستان یونیورسٹی اور یو ایس ای ایف پی کے درمیان تعلیمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر کا وفد کے ہمراہ یو ایس ای ایف کے دفتر کا دورہ، فلبرائٹ اور دیگر عالمی اسکالرشپس پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (پناہ نیوز) بلتستان یونیورسٹی سکردو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر نے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان میں امریکی تعلیمی فاؤنڈیشن (USEFP) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد یونیورسٹی کے طلبہ اور فیکلٹی کے لیے عالمی سطح پر تعلیمی و تحقیقی مواقع کو وسعت دینا ہے۔ یو ایس ای ایف پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسٹر پیٹر موران نے وائس چانسلر اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدید تحقیقی مہارتوں میں اضافہ، بلتستان کے طلبہ کے لیے امریکی تعلیمی وظائف تک رسائی کو آسان بنانا، پاک امریکہ عوامی تعلقات اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے لیے مشترکہ پروگراموں کا انعقاد جیسے اُمور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقوں کے طلبہ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے ٹیلنٹ کو امریکی یونیورسٹیوں جیسے عالمی پلیٹ فارمز کے ساتھ جوڑا جائے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیٹر موران نے بلتستان یونیورسٹی کی تعلیمی کاوشوں کو سراہا اور زور دیا کہ طلبہ اور فیکلٹی ممبران حال ہی میں امریکہ کی طرف سے اعلان کردہ "فلبرائٹ پروگرام” اور دیگر تبادلے کے پروگراموں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز شمشاد حسین اور ٹریژرار محمد عسکری بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ یہ ملاقات بلتستان یونیورسٹی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت ادارے کو عالمی تعلیمی نیٹ ورک سے جوڑ کر طلبہ کے لیے ترقی کے نئے راستے کھولے جا رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button