یو این ایف پی اے اور کینیڈین ہائی کمیشن کے وفد کا اسکردو دورہ، گلگت بلتستان میں تولیدی صحت اور خواتین کی بااختیاری منصوبے کا جائزہ
سکردو،(پناہ نیوز)گلگت بلتستان – یو این ایف پی اے پاکستان کی نائب نمائندہ ڈاکٹر گلنارا اور کینیڈین ہائی کمیشن کی سیکنڈ سیکریٹری جوسلین نے حال ہی میں "صحت کا سفر” منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اسکردو کا دورہ کیا۔ آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کے توسط سے گلوبل افیئرز کینیڈا کی جانب سے مالی اعانت فراہم کرنے والے اس منصوبے کا مقصد گلگت بلتستان میں خاندانی منصوبہ بندی، تولیدی صحت کی دیکھ بھال اور خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔اپنے دورے کے دوران، وفد نے اعلیٰ سرکاری افسران سے ملاقاتیں کیں، جن میں جناب عارف تحسین، ایڈیشنل سیکرٹری سوشل ویلفیئر، پاپولیشن ویلفیئر، اور ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ شامل تھے۔ انہوں نے دیامر، اسکردو اور ہنزہ میں نوجوانوں کے وسائل کے مراکز کے قیام کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، جس میں نوعمروں کی ذہنی صحت اور کیریئر کونسلنگ پر توجہ دی گئی۔وفد نے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس دورے میں جناب عارف تحسین، آغا خان فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر حارث اور یو این ایف پی اے کے سعادت کھوکھر نے شرکت کی۔


