روندو: LG&RD کے ترقیاتی پراجیکٹس پر پابندی خوش آئند مگر تاخیر سے لیا گیا فیصلہ ہے۔

روندو (پناہ نیوز)محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ (LG&RD) کے تمام ترقیاتی پراجیکٹس پر پابندی اور ان کی منسوخی خوش آئند مگر تاخیر سے لیا گیا قدم ہے۔ ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، تاہم یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ اس نوبت تک پہنچنے کی اصل وجہ گزشتہ برسوں میں ہونے والی کھلی بدعنوانی، اقربا پروری اور من مانی فیصلے ہیں۔گزشتہ ادوار میں LG&RD کے تحت لگائے گئے متعدد پراجیکٹس صرف کاغذوں تک محدود رہے، فنڈز جاری ہوئے مگر نہ کام نظر آیا نہ معیار۔ مخصوص ٹھیکیداروں، سیاسی من پسند افراد اور بااثر حلقوں کو نوازنے کے لیے منصوبے تقسیم کیے گئے جبکہ عوامی ضروریات، مقامی مشاورت اور شفافیت کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔ یہی وہ بدعنوان طرزِ عمل تھا جس نے عوام کا اعتماد مجروح کیا اور ترقی کو مذاق بنا کر رکھ دیا۔ہم واضح الفاظ میں اعلان کرتے ہیں کہ اقتدار کے خاتمے کے بعد عجلت میں پراجیکٹس لگانا، قومی خزانے کو لوٹنے اور اپنوں کو نوازنے کے سوا کچھ نہیں۔ ایسے تمام منصوبے نہ صرف غیر قانونی بلکہ عوام دشمن ہیں۔روندو اور سکردو کے سیاسی نمائندوں کا مشترکہ مؤقف ہے کہ آئندہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی اجازت صرف اور صرف مقامی عوام، منتخب نمائندوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے دی جائے۔ شفافیت، میرٹ اور عوامی مفاد کے بغیر کوئی بھی پراجیکٹ قابلِ قبول نہیں ہوگا۔گزشتہ برسوں میں LG&RD کے تمام پراجیکٹس کا آزادانہ آڈٹ کرایا جائےبدعنوان عناصر، افسران اور سیاسی سرپرستوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےعوامی پیسے کا حساب عوام کو دیا جائےہم من مانی، کرپشن اور عوام کے حق پر ڈاکہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، اور اگر یہ روش نہ بدلی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔عوام خاموش نہیں، اور اب حساب ہوگا۔



