پاکستان مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے اے پی ایس شہداء کی یاد میں سیلف ڈیفنس ورکشاپ

اسلام آباد (پناہ نیوز)پاکستان مارشل آرٹس ایسوسی ایشن (پی ایم اے اے) نے آئی ایف ایم ایس اے پاکستان کی سی ایم ایچ لوکل کونسل کے تعاون سے سی ایم ایچ لاہور میڈیکل کالج میں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور کے شہداء کی یاد میں ایک جامع اور بامقصد سیلف ڈیفنس ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ورکشاپ میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبہ و طالبات کے علاوہ ڈی پی ٹی اور نرسنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس تربیتی سیشن کا مقصد نوجوانوں کو عملی دفاعی مہارتیں، حالات کا درست ادراک، اور حقیقی زندگی میں درپیش خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کا اعتماد فراہم کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی میجر جنرل (ر) پروفیسر ڈاکٹر سلمان سلیم، ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے کہا کہ موجودہ دور میں سیلف ڈیفنس کی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، خواتین کو ہراسانی سے بچانے اور بچوں کے تحفظ کے لیے پاکستان مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی ایم ایچ لاہور میڈیکل کالج آئندہ بھی ایسے مثبت، تعمیری اور سماجی اثرات کے حامل پروگراموں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔پاکستان مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کے چیف ٹرینر انور محی الدین نے ٹرینرز چوہدری حنظلہ، عاتکہ ستار اور امتیاز کے ہمراہ کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد مارشل آرٹس دہشت گردی کے خلاف شعور بیدار کرنے، بچوں کے استحصال کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ میں ایک مؤثر ذریعہ بن چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پی ایم اے اے ملک بھر کے اسکولوں،کالجوں اور جامعات میں پیشہ ورانہ سیلف ڈیفنس کی تربیت فراہم کر رہی ہے، جس کے لیے ماہر اور تربیت یافتہ انسٹرکٹرز پر مشتمل ٹیم خدمات انجام دے رہی ہے۔ورکشاپ کے دوران شرکاء کو غیر مسلح سیلف ڈیفنس تکنیکوں کی عملی تربیت دی گئی تاکہ وہ جسمانی طور پر طاقتور حملہ آوروں کا مقابلہ کر سکیں۔ اس کے علاوہ ممکنہ اسٹریٹ کرائم اور مسلح حملوں سے نمٹنے کے لیے گن ڈس آرممنٹ کی خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی۔تقریب میں پاکستان مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئرمین محمد شہزاد مغل نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔
لاہور ہائی کورٹ سے تعلق رکھنے والی معروف وکلاء طیبہ بابر ایڈووکیٹ اور شہزین جی ایچ ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔آئی ایف ایم ایس اے سی ایم ایچ لوکل کونسل کی جانب سے چیئرمین کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے، جبکہ محمد شہزاد مغل نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پی ایم اے اے کے عزم کو دہراتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔چیف ٹرینر انور محی الدین نے آئی ایف ایم ایس اے پاکستان اور بالخصوص منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے عائزہ فیصل خان، جویریہ عرفان، خدیجہ فاطمہ، اریج شہباز، ایمان اسحاق، اشعال حسن، آمنہ زاہد، اریبہ اصغر، ثانیہ مبین، رمین ٹوانہ، ایمن حمید اور احسن کمال کی محنت کو ورکشاپ کی کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔ورکشاپ کا اختتام اس پیغام کے ساتھ ہوا کہ سیلف ڈیفنس کی تعلیم نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ایک محفوظ، مضبوط اور پُرامن معاشرے کی تشکیل کی جانب ایک مؤثر اور بامعنی قدم ہے



