اہم ترین خبرایجادات

موسمِ سرما کی دھند،موٹروے پولیس کی شہریوں کو محتاط سفر کی ہدایت

اسلام آباد(پناہ نیوز)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موسمِ سرما میں بڑھتی ہوئی دھند کے پیشِ نظر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم سفری ہدایات اور احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں۔ موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر ڈرائیورز کی حدِ نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے، جس کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ شہریوں کی حفاظت کے پیشِ نظر شدید دھند کی صورت میں موٹرویز کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند بھی کیا جا سکتا ہے۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھند کے موسم میں صبح 10 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان سفر مکمل کریں اور حتی الامکان رات کے سفر سے گریز کریں، تاکہ موٹروے کی ممکنہ بندش کی صورت میں پیش آنے والی مشکلات سے بچا جا سکے۔
محفوظ سفر کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جاری کردہ اہم ہدایات درج ذیل ہیں:
گاڑی میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
ونڈ اسکرین وائپرز درست حالت میں ہوں۔
گاڑیوں کے درمیان معمول سے زیادہ محفوظ فاصلہ رکھیں۔
دھند کے دوران ہائی بیم کا استعمال ہرگز نہ کریں، کیونکہ اس سے حدِ نگاہ مزید کم ہو جاتی ہے۔
سفر شروع کرنے سے قبل ہیلپ لائن 130، سوشل میڈیا ہینڈلز @nhmp یا ایف ایم 95 کے ذریعے سڑک اور موسم کی تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس عوام کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت سرگرمِ عمل ہے، کیونکہ آپ کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button