آزاد ریاست جموں و کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے آل کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لے لیا

اسلام آباد (پناہ نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے آل کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی (AKNS) کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ حلف برداری کی پروقار تقریب جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں صحافیوں، سرکاری افسران اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں وزیر حکومت چوہدری رفیق نیر، مشیر حکومت احمد صغیر، سابق وزیر تقدیس گیلانی، سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید، ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس، ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال، پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی، ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر، وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار، سابق صدر اے کے این ایس چوہدری امجد، پی ایس او صاحبزادہ محمد یونس، پریس سیکرٹری آصف علی راٹھور سمیت آل کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی کے اراکین اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔حلف اٹھانے والوں میں آل کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی کے صدر سردار زاہد تبسم، سینئر نائب صدر رمضان چغتائی، نائب صدور عابد عباسی اور نثار کیانی، سیکرٹری جنرل ذوالفقار بٹ، ڈپٹی سیکرٹری خالد انجم چوہدری، سیکرٹری مالیات اعجاز احمد خان، سیکرٹری اطلاعات دلاور بخاری اور ورکنگ باڈی کے اراکین جاوید اقبال چوہدری، شیر باز منیر چوہدری، خواجہ عبدالرشید اور مسعود لطیف شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور مضبوط میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے جبکہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود حکومت آزاد کشمیر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صحافی نامساعد حالات میں بھی حقائق عوام کے سامنے لانے کا فریضہ انجام دیتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جب انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی تو ریاست سیاسی بے یقینی اور جمود کا شکار تھی، تاہم مختصر مدت میں عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور صحافت کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور دونوں شعبے مشکلات کے باوجود اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا نمائندگان حکومت کے لیے آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی نشاندہی سے ہی عوامی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم سیکرٹریٹ کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے ہیں، بیوروکریسی کو فعال کیا گیا ہے اور عوام کو براہ راست سنا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آل کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی کے مطالبات کو تین دن کے اندر حل کیا جائے گا اور محکمہ اطلاعات کو حکومت کی کارکردگی پر ہاف پیج اشتہار جاری کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے کردار کے پیش نظر نوجوان صحافیوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے آل کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ صحافتی اقدار، سچائی، توازن اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو فروغ دیں گے اور صحافی برادری کے مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت میڈیا کو اپنا شراکت دار سمجھتی ہے اور باہمی تعاون سے ایک باخبر، مضبوط اور باشعور معاشرے کی تشکیل کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔اس موقع پر نومنتخب صدر سردار زاہد تبسم نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے آزاد کشمیر میں سیاسی جمود کو توڑا اور عوام کا اعتماد بحال کیا۔ انہوں نے سابق صدر اے کے این ایس کی خدمات کو بھی سراہا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض نومنتخب جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ نے انجام دیے جبکہ وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار، سابق صدر اے کے این ایس چوہدری امجد اور سابق جنرل سیکرٹری راجہ امجد نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں سردار زاہد تبسم نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button