وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے مختلف وفود کی ملاقات، عوامی فلاح اولین ترجیح قرار

اسلام آباد (پناہ نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری اختر حسین، پریس کلب میرپور کے صدر سید عابد حسین شاہ، ٹیوٹا کے ڈائریکٹر فیصل منظور، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے پولیٹیکل سیکرٹری شیخ ارشد برکی اور پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سعادت حسین شاہ،راجہ سہراب خان ،شبیر راجوری ،زاہد بشیر نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری رفیق نیر ،مشیر حکومت احمد صغیر ،ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال ،پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی ،اذان راٹھور بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور گلدستے پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفد کے اراکین نے حکومت آزاد کشمیر کے عوام دوست اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور سماجی ترقی کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت، نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی، تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کے اہم اہداف میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ جیسے ادارے معاشرے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ایسے فلاحی اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم اور کمزور طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور موجودہ حکومت بھی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شفاف طرز حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے ذریعے آزادکشمیر کے نوجوانوں کو فنی مہارتیں فراہم کرنے کیلیے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے ۔چئیرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین نے وزیراعظم کو ادارے کے فلاحی کاموں سے آگاہ کیا اور انہیں اپنے دورہ امریکہ اور برطانیہ سے متعلق بتایا ۔انہوں نے وزیراعظم کو ہسپتال سے متعلق بتایا اور دورے کی دعوت بھی دی ۔میرپور پریس کلب کے صدر نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی اور میرپور میں صحافیوں کی ہاؤسنگ سوسائٹی میڈیا ٹاؤن کیلیے سڑک کی رسائی کی گزارش کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بریفنگ لیں گے اور صحافیوں کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے۔دریں اثناء وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پریس کلب برطانیہ کے جنرل سیکرٹری ساجد یوسف سابق صدر پریس کلب میرپور سجاد جرال نے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستے پیش کیے ،ادھر دن بھر پورے آزادکشمیر سے لوگوں کی بڑی تعداد وفود کی صورت میں جموں کشمیر ہاؤس آئی وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے ملاقات کی اور گلدستے پیش کئے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔



