آزاد ریاست جموں و کشمیر

سہارتا دڑجن 3 کلومیٹر سڑک کا سنگ بنیاد، 9 کروڑ 68 لاکھ روپے کی لاگت سے اہم منصوبے کا آغاز

میرپور (پناہ نیوز)آزادکشمیر کے وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے سہار تا دڑجن 3 کلومیٹر سڑک کا سنگ بنیاد رکھا اس منصوبہ پر 9کروڑ 68روپے کی لاگت آئے گی۔منصوبہ کے بارے میں ایس ڈی او شاہرات سید حسن شاہ بخاری نے بریفنگ دی،۔منصوبہ کی تکمیل سےسہار،کنیلی،سماہنی،چوکی،بہملہ،کالاڈب،چڑہوئی کے عوام کو ذرائع رسل و رسائل کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔آزادکشمیر کے وزیر خزانہ و انلینڈ ریوینیو چوہدری قاسم مجیدنے منصوبہ کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر محکمہ شاہرات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سڑک کے تعمیراتی منصوبہ کو اندر معیاد مکمل کریں اور کوالٹی کا خاص خیال رکھیں۔پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث روڈکو لینڈ سلائیڈنگ سے محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی دیواریں اور نالیاں بھی تیار کی جائیں۔ انھوں نے ہدایات دیں کہ سہار کی دیگررابطہ سڑکات کو بھی جلد مکمل کیاجائے۔اس موقع پرعوام علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ و انلینڈ ریوینیو چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں پیپلزپارٹی کی حکومت آزادکشمیر میں ذرائع رسل و رسائل کی بہتری،تعلیم و صحت اور خطہ میں معاشی واقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔عوامی فلاح و بہبود کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ریاست میں اب عوام کی حکومت ہے سارے وسائل اور افرادی قوت عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر لگائیں گے۔پیپلزپارٹی کی اصل طاقت عوام کا اعتماد ہے۔قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو، بی بی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو نے عوامی مفاد کوہی اولیت دی۔ہم عوام کے نمائندے ہیں اور عوام میں رہ کر ہی ان کی خدمت کرتے رہیں گے۔انھوں نے کہاکہ بجلی کے بحران سے واقف ہیں 10ارب مالیت بجلی کے نظام میں بہتری کا منصوبہ وفاقی حکومت کے پاس ہے فنڈز کی دستیابی کے بعد ریاست سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کے مسئلہ پر قابو پالیں گے ۔انھوں نے کہا کہ اگر چہ مسائل بے شمار ہیں لیکن پیپلزپارٹی کی حکومت ان مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ قبل ازیں وزیر حکومت جب سہار پہنچے تو ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا انہیں ہار پہنائے گے۔اس موقع پر سابق کونسلر راجہ محمد نعیم، چوہدری آفتاب، چوہدری الطاف احمد،چوہدری دلاور،چوہدری سلیمان، چوہدری محمد شاہد، الحاج راجہ ضمیر خان،راجہ گلستان خان،راجہ طفیل،راجہ ظفرا قبال،چوہدری گلفریز،وزیر اعظم آزادکشمیر کے پی آراو ملک تنویر سبحانی بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button