آزاد ریاست جموں و کشمیر

پیپلز پارٹی نے حکومت نہیں ذمہ داری لی ہے، کم وقت میں بڑے فیصلے کیے ہیں,سردار جاوید ایوب

مظفرآباد(پناہ نیوز)وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت نہیں بلکہ ذمہ داری لی ہے، ہمارے پاس وقت بہت کم ہے ہم نے دن رات محنت کر کے اس وقت کو دوگنا کرنا ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت بننے کے بعد وزیراعظم جہاں بھی گئے عوام نے فقید المثال استقبال کیا ، پیپلزپارٹی کی حکومت نے انتہائی مختصر وقت میں زیر التواء معاملات حل کیے جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مظفرآباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سردارمختارعباسی کی جانب سے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردارجاوید ایوب نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کے محافظوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوامی حکومت ہے، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مزید خوشخبریاں بھی ملیں گی۔مظفرآباد سٹی کا حلقہ لاوارث نہیں ہے، اس حلقہ کے مسائل ہم سب کے مسائل ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ ہم نے چھ ماہ میں محنت کر کے آئندہ سال الیکشن جیت بھاری اکثریت سے پیپلز پارٹی کی حکومت بنانی ہے، ہمارے پاس دو راستے تھے کہ سیاست کو بچائیں یا ریاست کو ہم نے اس ریاست اور آئین کی حفاظت کیلئے حکومت کی ذمہ داری لی۔ مظفرآباد کے عوام کا کام انکی دہلیز پر ہوگا۔ چوہدری قاسم مجید نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی طور پر معاملات حل کررہی ہے۔ سستی بجلی، ہیلتھ کارڈ سمیت دیگر معاملات حکومت نے حل کر دیے ہیں ، ہم سے عوام کیلئے جوہوسکا کر کے دکھائیں گے۔ یہ چھ ماہ کے اقتدار کی نہیں بلکہ لمبی جنگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مظفرآباد کو ترقی یافتہ بنانے چاہتے ہیں تو پاکستان پیپلزپارٹی کو بھی کامیاب کروائیں۔ وزیراعظم اور وزراء کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں۔ مظفرآباد شہر میں ممتاز راٹھور اور چوہدری عبدالمجید کے دور میں جو ترقی ہوئی وہ سب کے سامنے ہے۔استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے میزبان پیپلز پارٹی کے رہنما وسابق امیدوار قانون ساز اسمبلی سردار مختار احمد خان عباسی نے وزیراعظم آزادکشمیر کو ویلکم کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان مظفرآباد کے حقوق کی جنگ لڑوں گا، آج مظفرآباد کے لوگوں نے مجھے خرید لیا ہے۔ گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں ہمارے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے مظفرآباد کے مسائل حل کرنے کیلئے مطالبات بھی پیش کیے ۔استقبالیہ سے پی پی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں، پیپلزپارٹی کے عہدیداران و رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button