زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن سے شفافیت آئے گی، عوامی مسائل بروقت حل ہوں گے,نگران وزیرِ اعلیٰ

گلگت(پناہ نیوز)نگران وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس(ر) یار محمد نے ایس ایم بی آر کی جانب سے دیئے جانے والے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے عمل کو شروع کرنا اچھی پیشرفت ہے، اس سے نظام میں شفافیت آئے گی اور عوام کو زمینوں کے حوالے سے شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہوگا۔ زمینوں کے ریکارڈ کے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ کسی کو بھی اپنی زمینوں کے حوالے سے صحیح معلومات کی رسائی ممکن ہو۔ سیٹلمنٹ کا ادارہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں موجود ریکارڈ لازمی اور حساس تصور کیا جاتا ہے۔ ابھی تک سیٹلمنٹ کے اپنے دفتر کی عمارت نہ ہونا مناسب نہیں، سیٹلمنٹ آفس کے لیے مناسب بندوبست کیا جائے گا۔ نگران وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر ریوینیو سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے مشتہر آسامیوں پر تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے میرٹ کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات کی تاکہ زمینوں سے متعلق عوام کے مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔ نگران وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ قومی خزانے اور وسائل کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، وسائل کا صحیح اور درست منصوبہ بندی کے تحت استعمال یقینی بنانے کے لئے حکمتِ عملی وضع ہونی چاہئے تاکہ ان وسائل کے ثمرات عام عوام تک پہنچیں۔ اس موقع پر نگران وزیرِ اعلیٰ نے تمام شعبوں میں کفایت شعاری کو یقینی بنانے کی ہدایات کی۔ صوبے کے زمینوں کا ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ نگران وزیرِ اعلیٰ نے ایس ایم بی آر کو ہدایت کی کہ زمینوں سے متعلق عوام کو درپیش مسائل بروقت حل کرنے کیلئے ریوینیو کیسز کی شنوائی میں تیزی لائی جائے۔



