لاہور,شہری کے نام پر 500 موٹرسائیکلز رجسٹرڈ، 23 لاکھ سے زائد کے چالان جاری

لاہور (پناہ نیوز)لاہور میں قسطوں پر موٹرسائیکل فراہم کرنے کا کاروبار ایک شہری کے لیے سنگین قانونی اور مالی مسئلہ بن گیا۔ شہری صادق خان کے نام پر سینکڑوں موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن اور لاکھوں روپے کے ٹریفک چالان سامنے آنے کے بعد متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور نظام پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہری صادق خان کے نام پر مجموعی طور پر 500 موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ نکلیں، جن کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے ان موٹرسائیکلوں پر اب تک 2 ہزار 71 ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں، جن کی مجموعی رقم 23 لاکھ 88 ہزار 700 روپے بنتی ہے۔مزید یہ کہ کیمپس پل کے مقام پر ایک موٹرسائیکل کو روکے جانے پر اسی شہری کے نام پر 12 ہزار روپے کا ای چالان بھی سامنے آیا، حالانکہ مذکورہ موٹرسائیکل شہری کی ذاتی استعمال میں نہیں تھی۔متاثرہ شہری کے مطابق اس نے قسطوں پر موٹرسائیکل فراہم کرنے کے لیے اپنی شناخت استعمال کی، تاہم موٹرسائیکلیں مختلف افراد کے زیرِ استعمال رہیں، جنہوں نے نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی بلکہ چالانوں کی ادائیگی بھی نہیں کی۔ نتیجتاً تمام تر قانونی ذمہ داری شہری صادق خان پر عائد ہو گئی۔شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، موٹرسائیکلوں کی غیر قانونی رجسٹریشن اور استعمال کی تحقیقات کی جائیں اور اصل ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہری کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نے اس کی معاشی زندگی کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔یہ واقعہ قسطوں پر گاڑیاں فراہم کرنے کے نظام، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور ٹریفک چالان کے موجودہ نظام میں موجود خامیوں کو بھی بے نقاب کرتا ہے، جس پر فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔



