نیٹکو میں بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ , ایم ڈی نیٹکو اور ڈی جی اینٹی کرپشن کا خصوصی اجلاس

گلگت(پناہ نیوز)منیجنگ ڈائریکٹر نیٹکو نے آج نیٹکو ہیڈکوارٹرز گلگت میں ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں دونوں فریقین نے نیٹکو میں بدعنوانی، وسائل کے ناجائز استعمال اور خردبرد میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے معاملات میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر سخت ایکشن لینے پر اتفاق کیا گیا۔منٰیجنگ ڈائریکٹر نیٹکو اور ڈی جی اینٹی کرپشن نے اس امر پر زور دیا کہ شفافیت، جوابدہی اور ادارہ جاتی نظم و ضبط عوامی اعتماد کی بحالی اور ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جاری جانچ پڑتال کے دوران سامنے آنے والے تمام کیسز کو پوری قوت کے ساتھ منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ذمہ دار افراد کو بلا امتیاز قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔نیٹکو گلگت بلتستان کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور ادارے میں صاف شفاف طرزِ حکمرانی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔


