چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے عام انتخابات 2026 کا شیڈول جاری کردیا

گلگت (پناہ نیوز)چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان(تمغہ شجاعت) نےگلگت بلتستان کے عام انتخابات 2026 کا شیڈول جاری کردیا۔اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے۔شیڈول کے مطابق انتخابی پروگرام کے تحت ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس 15 دسمبر 2025 کو جاری کیا جائے گا جبکہ امیدوار 15 دسمبر سے 22 دسمبر 2025 تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ نامزد امیدواروں کی فہرست 23 دسمبر 2025 کو شائع کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 دسمبر 2025 تک مکمل کی جائے گی۔ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 3 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ اپیلٹ ٹریبونل ان اپیلوں کا فیصلہ 10 جنوری 2026 تک کرے گا۔ نظرثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ امیدوار اپنی نامزدگی واپس لینے کے لیے 12 جنوری 2026 تک درخواست دے سکیں گے جس کے بعد حتمی فہرست بھی اسی روز جاری کی جائے گی۔ انتخابی نشانات 13 جنوری 2026 کو الاٹ کیے جائیں گے جبکہ پولنگ ڈے 24 جنوری 2026 بروز ہفتہ ہو گی۔ترجمان الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ انتخابی شیڈول عام نشستوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستوں پر بھی لاگو ہو گا۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے اور انتخابی شیڈول کے تمام مراحل کی سختی سے نگرانی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے عوام، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں اور پرامن انتخابی ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان کونسل، اسلام آباد کی جانب سے موصولہ اطلاع کے مطابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے عام انتخابات کا وقت مقرر کیا ہے،جس کی چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت) نے ہفتہ 24 جنوری 2026 کو گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کا دن مقرر کرنے کی تجویز دی تھی۔


