نگران وزیر اعلیٰ کا صحت کے شعبے میں اصلاحات پر زور، آکسیجن پلانٹس فوری فعال بنانے کی ہدایت

گلگت(پناہ نیوز)نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے صوبائی سیکریٹری صحت کی جانب سے دی گئی محکمانہ بریفنگ کے دوران کہا کہ صحت کا شعبہ تمام شعبوں میں بنیادی اور اہم ترین ہے، اس لیے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گلگت میں قائم مڈوائفری سکول کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ ہسپتالوں میں عملے کی کمی کو مؤثر انداز میں پورا کیا جاسکے۔نگران وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ انڈومنٹ فنڈ کو انتہائی احسن اور عوام دوست قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے گلگت بلتستان کے مستحق اور نادار مریضوں کا ملک کے بڑے ہسپتالوں میں مکمل مفت علاج ممکن بنایا گیا ہے، جو حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے اس پروگرام کو مزید وسعت دینے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے گلگت بلتستان کو مستقل طور پر پولیو فری رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں نیا انفراسٹرکچر بنانے کے بجائے ہیومن ریسورس کی بہتری پر توجہ دی جائے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں تعمیر شدہ آکسیجن جنریشن پلانٹس کو فوری طور پر فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان پلانٹس کے لیے درکار ٹرانسفارمرز کی فراہمی یقینی بنائے گی۔نگران وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ہسپتالوں کی بہتری اور عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر معیاری ادویات کی فروخت کی روک تھام کے لیے ڈرگ انسپکٹرز کو مزید فعال کیا جائے اور ہسپتالوں میں لیبارٹری ٹیسٹنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔آخر میں نگران وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پالیسی کی عدم موجودگی کے باعث درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے ہدایت کی کہ محکمہ صحت ڈاکٹروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی کو آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرے۔



