سلطان آباد میں پانی کا بڑا منصوبہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ کاپیش رفت پر اطمینان

گلگت(پناہ نیوز)ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان مشتاق احمد نے سلطان آباد گلگت میں آبپاشی اور پینے کے پانی کی فراہمی کے جاری منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ موقع پر جاری تعمیراتی و تنصیب کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی بنیادی ضروریات سے براہِ راست جڑا ہوا ہے اور اس کی تکمیل سے نہ صرف سلطان آباد بلکہ دنیور نالہ کے باسیوں کو بھی خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ اگلے سال تک فعال ہو جائے گا، جس کے بعد خشک سالی یا کم بارش کے عرصے میں بھی آبادی کو پینے اور آبپاشی کے لیے درکار پانی میسر ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان پانی کے دیرپا اور قابل بھروسہ انتظام کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، اور یہ منصوبہ اسی وژن کا اہم حصہ ہے۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ منصوبے پر بروقت اور معیاری کام یقینی بنایا جائے تاکہ عوام جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس اہم عوامی منصوبے سے علاقے میں زراعت کو فروغ ملے گا، گھریلو پانی کی ضروریات بہتر انداز میں پوری ہوں گی اور پانی کی کمی کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔



