کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی بڑی کارروائی، 9.6 کروڑ کا سامان ضبط

کراچی(پناہ نیوز)کلکٹوریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے کراچی۔ حیدرآباد ٹول پلازہ کے قریب خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے 564 اعلیٰ معیار کے اسمگل شدہ موبائل فونز اور ایک ٹیمپرڈ ٹویوٹا لینڈ کروزر پراڈو ضبط کرلی جن کی مجموعی مالیت نو کروڑ ساٹھ لاکھ روپے ہے۔مذکورہ گاڑی رجسٹریشن نمبر BF-7199 کو مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر روکا گیا۔ گاڑی میں موجود افراد کوئی قانونی درآمدی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے، جبکہ ابتدائی معائنے میں بونٹ، فرنٹ بمپر اور سائیڈ فینڈر کے حصوں پر ویلڈنگ کے مشکوک نشانات پائے گئے۔ گاڑی کو مزید تفصیلی جانچ پڑتال کے لیے کسٹم ہاؤس کراچی منتقل کیا گیا جہاں پراڈو گاڑی کے اندر خصوصی طور پر تیار کئے گئے پانچ خفیہ خانوں کی نشاندہی ہوئی جن میں گوگل پکسل اور موٹرولا ماڈلز جیسے برانڈز کے 564 موبائل فونز چھپائے گئے تھے جن کی مالیت چھ کروڑ چالیس لاکھ روپے ہے۔ بعد ازاں فارنزک رپورٹ سے بھی تصدیق ہوئی کہ تقریباً تین کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کی یہ ٹویوٹا لینڈ کروزر پراڈو بھی ٹیمپرڈ اور نان ڈیوٹی پیڈ ہے۔کسٹمز حکام نے کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت درآمدی قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے جانے پر موبائل فونز اور گاڑی ضبط کر لی ہے۔واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اسمگلنگ نیٹ ورک تک رسائی کے لیے تفتیش جاری ہے۔



