ووٹ ایک مقدس امانت اور قومی فریضہ ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد()سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ووٹ ایک مقدس امانت اور قومی فریضہ ہے جس کے ذریعے عوام نہ صرف اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں بلکہ ملک کی سمت اور مستقبل کا تعین بھی کرتے ہیں، جمہوریت کی بنیاد عوام کی رائے پر ہے اور عوام اپنے حقِ رائے دہی کے ذریعے اپنے نمائندوں کو اعتماد کا ووٹ دے کر ایوانوں تک پہنچاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ووٹر ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیاجو ہر سال 7 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور فعال جمہوریت کے لیے عوام کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ نہ ڈالنا اپنے آئینی حقوق اور قومی ذمہ داریوں سے غفلت کے مترادف ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے ووٹ سے منتخب نمائندے ہی عوام کی امنگوں کے مطابق ملک کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے موثر قانون سازی اور پالیسی سازی کرتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان جمہوری عمل میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی بھرپور شرکت سے نہ صرف جمہوری نظام مضبوط ہوگا بلکہ قومی ترقی اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نےووٹر ڈے کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا آئینی حق اور جمہوریت کو مستحکم بنانے کا موثر ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 18 سال سے زائد عمر کے ہر شہری کو چاہیے کہ وہ ووٹ کے ذریعے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اقدار کا فروغ اور آئین کی بالادستی ہی عوامی حقوق کے حقیقی تحفظ کی ضامن ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمان جمہوری عمل کے استحکام، عوامی آگاہی اور ووٹ کے حق کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔



