جعلی دستاویزات پر یورپ جانے کی کوشش ناکام

اسلام آباد (نیوز ایجنسی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات پر یورپ جانے کی ایک کوشش ناکام بنا دی اور فرانس جانے والی فلائٹ پر سوار ہونے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو حراست میں لے لیا۔ایک اہلکار نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ ایف آئی اے امیگریشن نے ایک مسافر احمد رضا کو روکا جو فلائٹ پی کے-749 کے ذریعے فرانس جا رہا تھا۔امیگریشن کلیئرنس کے دوران افسران نے اس کے سفری کاغذات کی جانچ کی تو اس کا پولینڈ رہائشی کارڈ جعلی نکلا۔اہلکار نے بتایا کہ جعلی دستاویز فوری طور پر ضبط کر لی گئی اور مسافر کو طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا گیا۔جعلی دستاویز سامنے آنے کے بعد مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسلام آباد میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا۔ایف آئی اے اہلکار نے کہا کہ جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور انسانی سمگلنگ روکنے کے اقدامات ملک بھر میں جاری رہیں گے۔



