گلگت بلتستان

سپورٹس بورڈ GB کی 35 ویں نیشنل گیمز بارے وضاحت جاری

گلگت(پناہ نیوز)35ویں نیشنل گیمز کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط فہمیوں اور بے بنیاد الزامات کے تناظر میں سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ صوبائی کانٹیجنٹ کی تیاری مکمل طور پر شفاف، منظم اور اصولوں کے مطابق کی گئی۔ کھلاڑیوں کے انتخاب سے قبل ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ نے تمام متعلقہ صوبائی اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے ساتھ باضابطہ مشاورت کی، جس میں ایسوسی ایشنز نے اپنی سفارشات پیش کیں اور انہی سفارشات کی روشنی میں سلیکشن کا طریقہ کار طے پایا۔متفقہ اصولوں کے مطابق ہیڈکوارٹر گلگت میں اوپن میرٹ ٹرائلز منعقد کیے گئے جن میں تمام کھلاڑیوں کو برابر مواقع فراہم کیے گئے۔ سلیکشن کمیٹی نے مکمل شفافیت کے ساتھ مختلف کھیلوں کی کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اور منتخب شدہ کھلاڑیوں کا تمام ریکارڈ سپورٹس بورڈ کے پاس محفوظ ہے۔ انہی کھلاڑیوں نے کراچی میں منعقد ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کی، اور سلیکشن کے عمل میں کسی بھی مرحلے پر جانبداری یا ذاتی پسند و ناپسند کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ماضی میں بعض ایسوسی ایشنز کے اندر انتخابات کے نہ ہونے یا ٹرائلز میں مخصوص گروہوں کی مداخلت کے باعث مسائل پیدا ہوئے، جن کا ذمہ سپورٹس بورڈ پر ڈالنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ سلیکشن مکمل طور پر ایسوسی ایشنز کی فراہم کردہ سفارشات کے مطابق ہوتا ہے۔ بغیر تحقیق کے پھیلائے جانے والے الزامات اور منفی پروپیگنڈا نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کو متاثر کرتا ہے بلکہ ٹیم کے مورال اور صوبے کی مجموعی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے، جس کی سپورٹس بورڈ سختی سے تردید کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ، میرٹ کے قیام اور نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور ہر سطح پر شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی کردار ادا کرنے اور بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) کو باضابطہ خط بھی ارسال کردیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button